ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / وزیر اعلیٰ سدرامیا ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ کی انتخابی مہم میں مصروف

وزیر اعلیٰ سدرامیا ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ کی انتخابی مہم میں مصروف

Thu, 30 Mar 2017 22:33:41    S.O. News Service

بنگلورو:30/مارچ(ایس او  نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج سے ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم چلانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ان دونوں حلقوں میں اب تک وہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی وجہ سے مہم چلانہیں سکے تھے۔ وزیراعلیٰ نے آج ہی سے اپنے ضلع میسور میں قیام کیلئے ڈیرہ ڈال دیا۔ دونوں حلقوں میں کانگریس اور بی جے پی میں راست ٹکر ہے، پچھلے چند دنوں سے سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا ان دونوں حلقوں میں خیمہ زن ہیں، دونوں حلقوں کا وہ مسلسل چکر کاٹ کر بی جے پی امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ ننجنگڈھ اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم کیلئے کانگریس نے وزیر برائے تعمیرات ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا کو ذمہ دار مقرر کیا ہے، ان کے علاوہ کانگریس کے دیگر وزراء اور قائدین نے بھی حلقہ میں پہلے دور کی مہم مکمل کرلی ہے، آج سے وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ان لیڈروں نے دوسرے دور کی مہم کا آغاز کیا، حلقہ میں آنے والی ہر گرام پنچایت کیلئے ایک ایک وزیر کو متعین کیا گیا ہے۔ چونکہ ان انتخابات کو کانگریس نے اپنے وقار کا مسئلہ بنالیا ہے اسی لئے وزیر اعلیٰ سدرامیا ان دونوں حلقوں میں جیت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی کابینہ کے بیشتر وزراء اور اراکین اسمبلی کے علاوہ سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں اور پارٹی کارکنوں کو یہاں انتخابی مہم پر پہلے ہی مامور کررکھا ہے۔9/ اپریل کو ان دونوں حلقوں کیلئے پولنگ کرائی جائے گی۔


Share: